کاروار ،30 ؍ مئی (ایس او نیوز) کل ہفتہ کے دن کاروار ضلع میں کُل 538 تازہ معاملے سامنے آئے ہیں جس میں سب سے زیادہ متاثرین کی تعداد سداپور تعلقہ میں پائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کل ایک دن میں کووڈ کی وجہ سے فوت ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کل کسی بھی تعلقہ میں متاثرین کی تعداد سو تک نہیں پہنچی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ تازہ متاثرین کی تعداد گھٹ رہی ہے ، لیکن تشویش کی بات یہ ہے کہ فوت ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور روزانہ دس سے زائد متاثرین موت کا شکار ہو گئے ہیں۔
تعلقہ وار تازہ متاثرین کی تعداد اس طرح بتائی گئی ہے: سداپور 82، کاروار 13، انکولہ 21، کمٹہ 67، ہوناور 79، بھٹکل 24، سرسی 71، یلاپور 38، منڈگوڈ 45، ہلیال 57 اور جوئیڈا میں 41 مریض پائے گئے ہیں۔ اس طرح پورے ضلع میں جملہ متاثرین کی تعداد 43912 کو پہنچ گئی ہے جبکہ سنیچر کے دن 656 صحت یاب ہونے والے مریضوں کے ساتھ اب تک 37632 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ضلع میں اس وقت 5700 ایکٹیو کیس موجود ہیں، جن میں سے 5119 متاثرین ہوم آئسولیشن میں اور بقیہ 581 متاثرین مختلف اسپتالوں میں رکھے گئے ہیں۔
ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی پہلی لہر سے اب تک شمالی کینرا میں جملہ 5626 بچے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں 10 سال تک عمر کے 2273 اور 11 تا 18 سال عمر کے 3353 بچے شامل ہیں۔ ان میں سے ایک تین سالہ بچہ کی موت واقع ہوئی ہے۔
بلیک فنگس کا دوسرا معاملہ :معلوم ہوا ہے کہ ضلع کے سداشیوگڑھ میں ایک 60 سالہ شخص کے اندر بلیک فنگس انفیکشن کی علامات ظآہر ہونے پر اسے منگلورو کے وینلاک ہاسپٹل میں علاج کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔ یہ شخص پہلے سے ہی ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور گردے کے امراض میں مبتلا تھا۔ پھر کورونا کا شکار ہونے کے بعد کاروار میڈیکل کالج ہاسپٹل میں علاج کے لئے داخل کیا گیا تھا۔ اسی دوران بلیک فنگس انفیکشن کی علامات نظر آئیں۔
خیال رہے کہ اس سے ہلیال سے تعلق رکھنے والے ایک شخص بلیک فنگس انفیکشن کی وجہ سے منگلورو کے وینلاک ہاسپٹل میں منتقل کیا جا چکا ہے جہاں اس کا علاج چل رہا ہے ۔ اب شمالی کینرا کا یہ دوسرا بلیک فنگس معاملہ سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت افسران کا کہنا ہے کہ اس مریض کی صحت میں سدھار آ رہا ہے۔